Newsdesk | Labournewsintl.com | updated on November 24th, 2023 at 09:41 am
بھارت: بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع یادگر سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ کسان کی کھیتوں سے لاش برآمد ہوئی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست کرناٹک کے ضلع یادگیر کے تعلقہ شاہ پور کے گاو¿ں بیون ہلی میں 45 سالہ کسان نے قرض کی قسط کے پیسے نہ ہونے پر خود کشی کی۔
رپورٹ کے مطابق 45 سالہ کسان نے اپنے کھیت میں جاکر جراثیم کش زہریلی دوا پی جس کے بعد وہ وہیں کافی دیر تک تڑپتا رہا۔ اہل خانہ نے جب تلاش شروع کی تو ا±س کی لاش کھیتوں سے ملی۔اہل خانہ کے مطابق کسان نے بینک سے 60 ہزار روپے، سوسائٹی سے 15 ہزار، خانگی فنانس سے ڈھائی لاکھ روپے قرض لیا۔مقتول کو گزشتہ دو برسوں سے فصلوں کی کٹائی پر نقصان کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث وہ اس رقم کی ادائیگی نہیں کرپارہا تھا جبکہ مذکورہ اداروں سے اس کا بارہا تقاضہ کیا جارہا تھا۔کسان قسط کی رقم کا بندوبست نہ ہونے پر بہت زیادہ پریشان تھا، جسے اہل خانہ نے بھی محسوس کیا مگر کسی کو بھی خودکشی جیسے خوفناک اقدام کا اندازہ نہیں تھا۔پولیس نے لاش کو تحویل میں لینے کے بعد اسپتال منتقل کیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد جسد خاکی کو اہل خانہ کے حوالے کیا گیا۔ واقعے کا مقدمہ شاہ پور پولیس اسٹیشن میں درج کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کی جانب سے سال 2019 کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کے بعد کرناٹک میں کسان سب سے زیادہ خودکشی کرتے ہیں۔ سنہ 2019 میں ریاست میں تقریبا 1992 کسانوں اور زرعی مزدوروں نے خودکشی کی تھی جبکہ 2018 میں 2 ہزار 405 کسانوں نے خودکشی کی تھی۔